ممبئی،4؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) مہاراشٹرا میں ہوئے ایم ایل سی انتخابات میں بی جے پی کا قلعہ منہدم ہوگیا ہے اور یہاں مہاراشٹر وکاس اگھاڑی کو شاندار جیت حاصل ہوئی ہے۔
مہاراشٹر وکاس اگھاڑی امیدوار ارون لاڈ نے این ڈی اے امیدوار سنگرام دیشمکھ کو48 ہز ار سے بھی زائد ووٹوں سے شکست دے کر پونے گریجویٹ انتخابی سیٹ پر جیت درج کر لی ہے۔ اسی طرح اورنگ آباد ڈویژن گریجویٹ انتخابی حلقہ سے این سی پی امیدوار ستیش بھانوداس راؤ چوہان کو جیت حاصل ہوئی ہے۔
ریاست میں پونے، ناگپور، اورنگ آباد ڈویژن گریجویٹ سیٹ سمیت امراوتی اور پونے ڈویژن ٹیچر سیٹ کے ساتھ ساتھ دھولے-نندوربار مقامی باڈی الیکشن سیٹ کے لیے انتخابات منعقد ہوئے تھے جس میں کانگریس-این سی پی-شیوسینا اتحاد یعنی مہاوکاس اگھاڑی کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی۔انتخابات میں بی جے پی کی مضبوط گرفت والے علاقے بھی اس کے حصے سے چھن گئے ہیں۔
مہاراشٹر وکاس اگھاڑی امیدوار ابھجیت ونجاری نے ناگپور ڈویژن گریجویٹ انتخابی حلقہ میں 14 ہزار سے بھی زائد ووٹوں کے کامیابی درج کی۔ انھوں نے بی جے پی امیدوار سندیپ دیواکر جوشی کو شکست فاش دی۔ ابھجیت ونجاری نے قریب 56 ہزار ووٹ حاصل کرتے ہوئےبی جے پی امیدوار سندیپ کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے۔